لاہور: مریم نواز او آئی سی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف ایک طبقے کی کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کی ہر لڑکی کو تعلیم، روزگار، وقار اور بغیر خوف کے اپنے خواب پورے کرنے کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔
لاہور میں منعقدہ او آئی سی کی 9ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے مختلف اسلامی ممالک سے آئے ہوئے مندوبین کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، مہمان نوازی اور خواتین کے احترام کی سرزمین ہے جبکہ اسلام نے خواتین کو عزت، تحفظ اور بنیادی حقوق فراہم کیے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کی تعلیم، صحت، روزگار، کاروبار اور تحفظ کے شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ہونہار اسکالرشپ، لیپ ٹاپ اسکیم، اپنا گھر اپنی چھت، اپنا روزگار، پنک الیکٹرک ٹیکسی، صنعت زار، دھی رانی پروگرام، ہمت کارڈ اور آئی ٹی اسکلز جیسے منصوبے خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کی حفاظت کے لیے سیف سٹی منصوبے، موبائل پولیس اسٹیشن، ورچوئل پولیس اسٹیشن، پینک بٹن اور جدید نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا ہے تاکہ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح، سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو اور اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم خواتین نے آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، قیادت اور استقامت کی مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو صرف ترقی کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے والا طبقہ نہیں بلکہ قومی ترقی کا برابر کا شریک اور رہنما ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق جدید تعلیم، ڈیجیٹل معیشت، کاروباری مواقع اور محفوظ ماحول خواتین کی کامیابی کی بنیاد ہیں۔
مریم نواز شریف نے او آئی سی کے رکن ممالک پر زور دیا کہ خواتین کے حقوق، تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ مسلم دنیا کی ہر خاتون کو باوقار اور محفوظ مستقبل میسر آ سکے۔

