Search
Close this search box.
پیر ,13 جولائی ,2026ء

دنیا کے امیر ترین ممالک کون سے ہیں؟ نئی عالمی رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد: دنیا کے امیر ترین ممالک سے متعلق سوئس بینکنگ ادارے یو بی ایس (UBS) کی گلوبل ویلتھ رپورٹ 2026 جاری کر دی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ دولت کی پیمائش کے مختلف طریقوں کے باعث ممالک کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں تبدیلی آ جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر فی بالغ فرد اوسط دولت (Average Wealth) کو معیار بنایا جائے تو سوئٹزرلینڈ تقریباً 9 لاکھ 10 ہزار ڈالر فی بالغ فرد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد امریکہ تقریباً 6 لاکھ 96 ہزار ڈالر کے ساتھ دوسرے جبکہ لکسمبرگ تقریباً 6 لاکھ 55 ہزار ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ ہانگ کانگ اور سنگاپور بھی ابتدائی صفوں میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر وسطی دولت (Median Wealth) کو بنیاد بنایا جائے، جو عام شہری کی مالی حیثیت کی بہتر عکاسی کرتی ہے، تو عالمی درجہ بندی مکمل طور پر تبدیل ہو جاتی ہے۔

اس پیمانے کے مطابق لکسمبرگ تقریباً 3 لاکھ 94 ہزار ڈالر فی بالغ فرد کے ساتھ پہلے نمبر پر آ جاتا ہے، جبکہ بیلجیم تقریباً 2 لاکھ 77 ہزار ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ڈنمارک نمایاں ممالک میں شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق اوسط دولت پر چند انتہائی امیر افراد کے اثاثوں کا بڑا اثر پڑتا ہے، جبکہ وسطی دولت معاشرے میں دولت کی حقیقی تقسیم اور عام شہری کی معاشی صورتحال کو زیادہ مؤثر انداز میں ظاہر کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیلجیم، ڈنمارک اور لکسمبرگ جیسے ممالک اس پیمائش میں نمایاں رہے۔

رپورٹ میں خلیجی ممالک کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ قطر اوسط دولت کے لحاظ سے تقریباً 1 لاکھ 89 ہزار ڈالر فی بالغ فرد کے ساتھ 27 ویں نمبر پر جبکہ متحدہ عرب امارات تقریباً 1 لاکھ 58 ہزار ڈالر کے ساتھ 29 ویں نمبر پر رہا۔

تاہم وسطی دولت کے معیار کے مطابق قطر تقریباً 95 ہزار ڈالر فی بالغ فرد کے ساتھ 24 ویں نمبر پر آ گیا، جبکہ متحدہ عرب امارات ٹاپ 30 ممالک کی فہرست میں جگہ برقرار نہ رکھ سکا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی ملک کی معاشی خوشحالی کا اندازہ صرف مجموعی دولت یا ارب پتی افراد کی تعداد سے نہیں لگایا جا سکتا، بلکہ یہ بھی دیکھا جانا چاہیے کہ دولت عام شہریوں میں کس حد تک تقسیم ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں