Search
Close this search box.
جمعه ,03 جولائی ,2026ء

آئی ایم ایف سے ڈیل کے لیے شرط تھی کہ امریکا سے ہارا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی گفتگو وائرل

کراچی (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر اپنے تاثرات بیان کیے ہیں۔

امریکا کے خلاف پاکستان کے کھیلے گئے میچ میں شرمناک شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا مذاق کے سے انداز میں کہنا تھا کہ پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کے حصول کے لیے بات چیت چل رہی ہے اور ان کی شرط تھی کہ پاکستان کو امریکا سے کرکٹ میچ ہارنا ہے اس لیے ہم ہار گئے۔

ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، ایک صارف نے کہا کہ شرط تو امریکا سے ہارنے کی تھی لیکن ہم انڈیا سے بھی ہار گئے تو کئی صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ یہ بات ایک صوبے کا وزیراعلیٰ کہہ رہا ہے اس لیے اس کو مذاق نہ سمجھیں۔

ایک صارف نے سوال کیا کہ انڈیا سے ہارنا کس کی شرط تھی؟


مہتاب احمد لکھتے ہیں کہ امریکا سے جان بوجھ کر ہارنے کی بات ایک صوبے کا وزیراعلیٰ کر رہا ہے اس لیے اس بات کو مذاق میں نہیں لیا جا سکتا۔


ایک ایکس صارف نے مراد علی شاہ کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے طنزاً لکھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہمیں یہ شکست بھول کر اگلی شکست کا انتظار کرنا چاہیے۔


واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی تھی۔

امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا تھا جس پر قومی ٹیم صرف 13 رنز بناسکی۔ امریکا کو آخری اوور میں فتح کے لیے 15 رنز چاہیے تھے لیکن وہ 14 بنا سکی اور یوں میچ ٹائی ہوگیا۔

پاکستان کی جانب سے سپر اوور محمد عامر نے کرایا اور امریکا نے 18 رنز بنا کر پاکستان کو 19 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستان سپر اوور میں 13 رنز ہی بنا سکا۔

یہ بھی پڑھیں