Search
Close this search box.
پیر ,15 جون ,2026ء

قومی ٹیم میں شامل نہ کرنے پر کرکٹر سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) قومی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی سے تعلق رکھنے والے کرکٹر تیمور علی سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے۔

عدالت نے کرکٹر کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کے وکیل سے سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلوں کی نقول طلب کر لیں۔

سندھ ہائیکورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل اسد اللہ بلو ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ تیمور علی پاکستان کے بہترین فرسٹ کلاس کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں، ان کی کارکردگی مسلسل شاندار رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم میں سلیکٹ ہونے والے کئی کھلاڑیوں کی کارکردگی تیمور علی سے کم تر ہے، اس کے باوجود انہیں نظرانداز کیا گیا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تیمور علی نے اس امتیازی سلوک کیخلاف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں سیکشن 37 کے تحت اپیل دائر کر رکھی ہے، تاہم تاحال اس اپیل پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پی سی بی کو اپیل پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے۔

سماعت کے دوران جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے ریمارکس دیے کہ سوال یہ ہے کہ آیا سندھ ہائیکورٹ پی سی بی کیخلاف اس نوعیت کی درخواست سننے کی مجاز ہے یا نہیں۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ماضی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا کی درخواست پر اعلیٰ عدالتیں فیصلے جاری کر چکی ہیں، لہٰذا اس معاملے کو بھی سنا جا سکتا ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے سپریم کورٹ کے متعلقہ احکامات کی نقول طلب کرتے ہوئے سماعت کو دو روز کیلئے ملتوی کر دیا۔

مزید پڑھیں۔آنر کا سستا اور معیاری فون متعارف

یہ بھی پڑھیں