کراچی (اوصاف نیوز)کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے تاہم سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بوندا باندی کا سلسلہ ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اور صدر کے علاقوں میں دیکھا گیا، جبکہ شارع فیصل، ڈیفنس، کورنگی روڈ، قیوم آباد، محمود آباد اور کورنگی میں بھی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، ناظم آباد اور نیو کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑیوں کی اسپیڈ کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اچانک بریک لگانے سے گریز کریں کیونکہ گیلی سڑکوں پر پھسلن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

