سعودی حکام نے جعلی حج ویزے اور پرمٹ بنانے پر 2 پاکستانیوں سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔حج سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فراڈ میں ملوث گرفتار دیگر 2 افراد کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘2 پاکستانی شہریوں اور 2 سعودی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو دھوکہ دہی کے لیے سوشل میڈیا سائٹس پر حج پرمٹ اور ویزوں کا جعلی اشتہار دے کر دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث تھے۔سعودی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے سم کارڈ، ڈاک ٹکٹ، موبائل فون، کمپیوٹر اور رقم برآمد ہوئی ہے۔
ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو پھنساتے تھے اور ان سے پیسے لے کر انہیں جعلی حج ویزوں پر پرمٹ دیتے تھے۔چاروں ملزمان کے خلاف جعلسازی کا مقدمہ درج کر کے انہیں پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں مزید تفتیش کے بعد مقدمہ فوجداری عدالت کے حوالے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی حکام متعدد بار خبردار کر چکے ہیں کہ حج اجازت نامے کے بغیر کسی کو بھی حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے جس کے تحت بغیر پرمٹ مکہ مکرمہ جانے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا


