Search
Close this search box.
جمعه ,24 جولائی ,2026ء

جو بائیڈن امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)جو بائیڈن امریکی صدارتی انتخابات کی ریس سے دستبردار ہوگئےہیں۔

صدر جو بائیڈن نے امریکی شہریوں کے نام خط لکھا ہے، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ آپ کا صدر بننا میرے لیے بڑے فخر کی بات تھا، میری خواہش تھی کہ دوبارہ صدارتی انتخابات لڑوں، لیکن پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے، قوم سے اس ہفتے خطاب کروں گا۔

واضح رہے کہ صدر جو بائیڈن کے اہم اعلان سے قبل جوبائیڈن کی صدارتی انتخابی مہم کے نیشنل کوچئیر سینیٹر کرس کونز نے کہا تھا کہ امریکی صدر بائیڈن غور کررہے ہیں کہ صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے بہترین امیدوار کون ہے۔

فورم سے خطاب میں کرس کونز نے کہا تھا کہ جو بائیڈن غور کررہے ہیں کہ ڈیموکریٹ پارٹی کی اقدار کو لے کر کون آگے بڑھ سکتا ہے۔

سینیٹر کرس کونز کا کہنا تھا کہ یہ پارٹی کا داخلی معاملہ ہے جس پر بات عوامی سطح پر ہورہی ہے۔

اس سے قبل امریکی ایوان نمائندگان کی سابق خاتون اسپیکر نینسی پلوسی نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ جوبائیڈن کو صدارتی دوڑ چھوڑنے پر جلد آمادہ کرلیا جائے گا۔

دو دن پہلے غیر ملکی خبررساں ادارے ”اے ایف پی“ کی رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے کورونا میں مبتلا ہونے کے اعلان کے بعد اس بات کا امکان بڑھ گیا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب کی دوڑ سے پیچھے ہٹ جائیں۔

اس کے علاوہ متعدد امریکی میڈیا رپورٹس میں بھی کہا گیا تھا کہ جوبائیڈن اپنی پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی مخالفت کے بعد صدارتی انتخاب سے پیچھے ہٹنے پر غور کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ تین دن قبل صدر بائیڈن کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی تھی، اس کے صرف ایک روز قبل امریکی صدر نے سیاہ فام ووٹرز سے وعدہ کیا تھا کہ وہ 5 نومبر کو دوبارہ منتخب ہونے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے اپنے ریپبلکن حریف پر قاتلانہ حملے کے بعد اپنی پہلی سیاسی تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔
مزیدپڑھیں :فیرو ز خان کی دوسری اہلیہ سے علیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش

یہ بھی پڑھیں