تہران (نیوزڈیسک)فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید کردیا گیا۔ حماس کے سربراہ کی نماز جنازہ کل صبح تہران میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے ادا کی جائے گی۔
دوسری جانب ایران نے اسرائیل کےخلاف جوابی کارروائی اور تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ پر رات 2 بجے سوتے ہوئے حملہ کیا گیا، براہ راست ان پر ایک میزائل داغا گیا، حملے میں اسماعیل ہنیہ کا محافظ بھی جاں بحق ہو گیا۔
حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نئے ایرانی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔ ایران کی سرکاری ایجنسی کے مطابق حملہ علی الصبح کیا گیا، اسماعیل ہنیہ کی عمر 61 برس تھی۔
اسماعیل ہینہ کو اسرائیلی ایجنٹوں نے تہران میں قیام گاہ پر نشانہ بنایا۔
حماس نے شہادت کی تصدیق کرتے ہوئےاعلامیہ جاری کردیا۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ پرحملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، یہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس کا بدلہ لیں گے۔

