اسلام آباد(نیوز ڈیسک) خلیجی ممالک کا ریل نیٹ ورک 2030 تک مکمل ہو جائے گا جو تمام چھ خلیجی ممالک کو کویت سے عمان تک جوڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق خلیجی ممالک میں 2120 کلومیٹر طویل ریل منصوبہ دسمبر 2030 تک مکمل ہونے جا رہا ہے۔ گلف ریلوے اتھارٹی کے سینئر حکام کے مطابق اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور ریل سروس کے ذریعے مسافر بغیر کسی سرحدی رکاوٹ کے پورے خطے میں سفر کر سکیں گے۔
یہ منصوبہ تمام چھ خلیجی ممالک کو کویت سے عمان تک جوڑے گا، ریلوے لائن سعودی عرب، بحرین اور قطر سے گزرتی ہوئی متحدہ عرب امارات کے اتحاد ریلوے نیٹ ورک سے منسلک ہوگی اور آخر میں عمانی دارالحکومت مسقط پہنچے گی۔
جی سی سی ریلوے اتھارٹی کے مطابق یہ اقدام دنیا کے بہترین ٹریول ماڈلز کے مطابق ہے۔ امارات اور عمان کو ملانے والے حفیط ریل پراجیکٹ پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے جو اگلے تین سالوں میں مکمل ہوجائے گا۔
ریلوے نیٹ ورک کا بنیادی مقصد مسافروں کے ساتھ ساتھ مال بردار آپریشن کو بھی بہتر بنانا ہے، ایک مال بردار ٹرین 15000 ٹن وزن لے سکتی ہے جو کہ 130 ٹرکوں کے برابر ہے۔ فی الحال، انجن ڈیزل پر مشتمل ہیں، لیکن مستقبل میں انہیں برقی ٹرینوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ ہے۔
جی سی سی ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے نہ صرف خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات اور تجارت مضبوط ہوگی بلکہ طویل مدت میں یہ ریل کے ذریعے خطے کو دنیا کے دیگر حصوں سے جوڑنے کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔


