ایران پر حملے کے بعد مشرقِ وسطیٰ کا وسیع خطہ خطرناک موڑ پر پہنچ گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد خطے میں عدم استحکام کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان عرب ممالک کے ساتھ اپنے تاریخی اور گہرے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ موجودہ عالمی حالات میں باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ علاقائی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور سلامتی برقرار رکھنا سلامتی کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم علاقائی تنظیمیں بھی تنازعات کے حل اور استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پُرامن حل اور مکالمے کی حمایت کرتا ہے اور عرب لیگ کی کوششوں کو سراہتا ہے۔
فلسطین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام غیر قانونی قبضے، بے دخلی اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسرائیل کو فلسطین، شام اور لبنان سمیت تمام عرب علاقوں سے اپنا قبضہ ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے آبنائے ہرمز میں محدود جہاز رانی پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس مسئلے کو فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی ضروری ہے۔


