کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار ہے، جس نے مارکیٹ کو نئی ریکارڈ سطحوں تک پہنچا دیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کے روز 100 انڈیکس میں 2202 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 1,36,502 پوائنٹس پر بند ہوا جو مارکیٹ کے لیے ایک بڑا سنگ میل تھا۔
تاہم تیزی کا یہ سلسلہ منگل کو بھی تھما نہیں۔ آج کاروبار کے آغاز پر ہی انڈیکس میں مزید 1225 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے ساتھ ہی 100 انڈیکس 1,37,727 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق سیاسی اور معاشی استحکام کی امیدوں، پالیسی ریٹ میں ممکنہ کمی، اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی نے مارکیٹ میں نئی جان ڈال دی ہے۔
اسٹاک مارکیٹ کی یہ شاندار کارکردگی نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار ہے بلکہ معیشت کی بحالی کی جانب ایک مثبت اشارہ بھی ہے۔
