Search
Close this search box.
منگل ,30 جون ,2026ء

ستم گرو، آئین کو رہنے دو

26ویں آئینی ترمیم کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ کہا جا رہا ہے کہ 21 ستمبر سے شروع ہونے والے وزیراعظم کے غیرملکی دورے کے بعد اس ترمیم کے مسودے میں کچھ ردوبدل کر کے اور نمبرز گیم کو پورا کرنے کے بعد اسے دونوں ایوانوں سے پاس کروانے کی دوبارہ کوشش کی جائے گی۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ حکومت کو آئینی ترمیم کے لیئے مولانا فضل الرحمان کو عہدہ جات دے دلا کر دوتہائی اکثریت حاصل ہو بھی جائے تو آئین میں کوئی ترمیم کرنے کے لیئے اصولی طور پر دانشور طبقے اور عوام کی آرا کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ 1973ء کے کلی متفقہ آئین کی عمر ابھی51سال ہوئی ہے، آئین پاکستان اپنی ’’گولڈن جوبلی‘‘سے گزر رہا ہے، حکومت منائے یا نہ منائے، مگر وہ اس آئینی ترمیم کرنے پر بضد نظر آتی ہے۔ آئین پاکستان کی کل دفعات 280 ہیں جس میں 25 آئینی ترامیم کے ذریعے اب تک 34شقوں کو تبدیل کیا جا چکا یے، اور یہ 26 ویں آئینی ترمیم ہے یعنی آئین کی 51سالہ عمر میں ہر دو سال بعد کوئی نہ کوئی آئینی ترمیم پیش کی جاتی رہی ہے اور اس دفعہ آئینی ترمیم کے بل میں 54 ترامیم کی تجویز شامل ہے جو کہ آئین کی 51 سال کی عمر سے بھی زیادہ ہیں۔
عارضی طور پر آئینی ترمیم کا موخر کیا گیا یہ بل عدلیہ سے متعلق ہے جسے پارلیمانی کارروائی سے بوجوہ مکمل نہیں کیا جا سکا جس کے بعد قومی اسمبلی و سینٹ کے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیئے گئے۔ اس بل میں حکومت کے مقتدرہ سے اچھے تعلقات اور اسے دی گئی سہولیات کی بنا پر حکومت کو یقین تھا کہ وہ اس بل کو کامیاب کروا لے گی کیونکہ اس کے ذہن میں تھا کہ مقتدرہ کے سامنے مولانا فضل الرحمان انکار نہیں کر سکیں گے مگر انہوں نے بل پر اپنے بنیادی تحفظات کا اظہار بھی کیا اور مقتدرہ کو ناراض بھی نہیں کیا۔ چونکہ سپریم کورٹ کے فل بینچ نے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا تھا تو درون خانہ حکومت سپریم کورٹ کے آئندہ چیف جسٹس منصور علی شاہ کا راستہ روکنے کی منصوبہ بندی کر رہی تھی جسے مولانا کی سیاسی دانش و حکمت نے وقتی طور پر کامیاب نہیں ہونے دیا۔
حکومت کے اس منصوبے سے آئین میں 26 ویں ترمیم لانے کا ایک بنیادی مقصد ایک نئی آئینی عدالت کا قیام تھا تاکہ اس کے ذریعے سپریم کورٹ کو غیر موثر کیا جا سکتا۔ مولانا فضل الرحمان نے بھی حکومت کے ساتھ تعاون سے انکار کرتے ہوئے یہی قومی موقف اختیار کہ وہ کسی ایسی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنیں گے جس کا مقصد آئین کے ڈھانچے کو تباہ کرنا ہو۔ اس دفعہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا موثر کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے آئین کی اصل عمارت کو قائم رکھنے کے لئے وہی بے مثال کردار ادا کیا ہے جو 1973 کے آئین کو تیار کرنے میں مولانا فضل الرحمان کے والد مولانا مفتی محمود اور بلاول بھٹو زرداری کے نانا ذوالفقار علی بھٹو نے ادا کیا تھا۔ مولانا مفتی محمود خیبر پختونخوا کے 1972 سے 1973 تک وزیراعلیٰ بھی رہے اور وہ اس آئینی کمیٹی کے رکن بھی تھے جو وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے مذاکرات کر رہی تھی جس میں مولانا شاہ احمد نورانی، غوث بخش بزنجو، پروفیسر غفور احمد، ولی خان اور حفیظ پیر زادہ جیسی قدآور سیاسی و مذہبی شخصیات شامل تھیں، جس کے صدر خود ذوالفقار علی بھٹو تھے۔
1973 ء کے آئین کو حتمی شکل دینے کے لئے قومی ایوان بالا اور زیریں میں ایک لمبی چوڑی بحث و تمحیص ہوئی تھی اور اسے عوام کے سامنے پورا وقت کھلا رکھا گیا تھا مگر 26ویں آئینی ترمیم کو آخری دن تک انتہائی خفیہ رکھا گیا جو مناسب طریقہ کار نہیں تھا۔ 18ویں آئینی ترمیم کی مثال ہی کو لے لیں جس پر کافی عرصہ تک بحث و تکرار اور کام ہوتا رہا اور پارلیمنٹ کے اتفاق کے علاوہ عوامی حمایت بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا۔ اس کے بعد بھی جو کوششیں کی گئیں ان کے باوجود 18ویں ترمیم کی عوامی حمایت جاری رہی کیونکہ اس کی سیاسی روایت و اقدار یہ ہے کہ قوانین اپنے ارتقاء کے دوران نئی اشکال بھی اختیار کریں تو ان کی افادیت و حمایت میں کمی نہیں آتی۔
ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ آئین پاکستان پر اتنا ظلم نہ کرے کہ اس کی حیثیت ہی یکسر بدل جائے۔ ملک میں مارشل لا لگتا ہے تو آئین کو عموماً معطل کیا جاتا ہے مگر کچھ اہم ملکی ادارے انتظامیہ اور عدلیہ وغیرہ بدستور آئین کے مطابق کام کرتے رہتے ہیں اور جونہی مارشل لا اٹھتا ہے آئین مکمل طور پر اس کی اصل حالت میں بحال کر دیا جاتا ہے۔ اب بھی حکومت کو چایئے کہ اگر وزیراعظم کی واپسی پر وہ اسٹیبلشمنٹ کا دبائو استعمال کر کے 26ویں آئینی ترمیم کو لانا بھی چاہتی ہے تو اس کے مسودے پر نظر ثانی کرے۔ بلاول بھٹو بھی کہہ چکے ہیں کہ آئینی ترمیم کا مسودہ کچا تھا۔ حکومت آئین پر اتنا ستم نہ کرے کہ اس کی اصل شکل ہی بگڑ جائے۔ متفقہ طور پر تیار کیا گیا پاکستان کا 1973 ء کا تیسرا آئین ہی باقی ماندہ پاکستان کی بقاء اور اتحاد کا ضامن ہے، اس کے ساتھ مزید کھلواڑ کھیلنے سے ضرور گریز کیا جانا چایئے۔
انہی دنوں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف آرٹیکل 17کے تحت کارروائی کرنے اور آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات چلائے جانے پر بھی بحث ہو رہی ہے۔ آرٹیکل 17ملکی سالمیت کے لئے خطرے کی دفعہ ہے جبکہ آرٹیکل 6 سنگین غداری کی دفعہ ہے۔
آئین کے آرٹیکل 6کے مطابق کوئی بھی شخص طاقت سے دستور کی تنسیخ کرے، تخریب کاری کرے، اسے معطل کرے تو یہ سنگین غداری کے زمرے میں آئے گا، معاونت اور سازش میں شریک ہونے پر بھی وہ سنگین غداری کا مجرم ہو گا۔ آرٹیکل چھ کی شق دو کے تحت شق ایک میں درج شدہ سنگین غداری کو سپریم کورٹ سمیت اس میں ملوث کسی کو مجرم قرار دینے پر وہ سزائے موت یا عمر قید کا مستوجب ہو گا۔ لیکن یاد رہے گزشتہ عام انتخابات سے پہلے بھی پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی خبریں گردش کرتی رہی تھیں مگر اس خواہش کی بیل منڈھے نہیں چڑھی تھی اور عمران خان کے جیل میں ہونے کے باوجود ان کی جماعت نون لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں سے مجموعی طور پر زیادہ نشستیں لینے میں کامیابی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ یوں تو 17 دسمبر 2020ء کو خصوصی عدالت نے سابق آمر پرویز مشرف کو بھی سنگین غداری کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے انہیں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 6 کے تحت سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا مگر اس کا نتیجہ کیا نکلا تھا کہ اس سزا کو جنرل مشرف کی درخواست پر معطل کر دیا گیا تھا حالانکہ جسٹس وقار نے حکم دیا تھا کہ جنرل مشرف مردہ حالت میں بھی ملیں تو ان کی لاش کو ڈی چوک پر لٹکایا جائے۔
آئین کا آرٹیکل سترہ جہاں سیاسی جماعت بنانے کا حق دیتا ہے وہاں یہ شرائط بھی لاگو کرتا ہے کہ آرٹیکل کی شق دو کے مطابق کسی سیاسی جماعت پر فارن فنڈنگ یا قومی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دینے کا الزام ہو تو وفاقی کا بینہ پابندی کی منظوری دے سکے گی۔
حکومتی ڈکلیریشن کے بعد پندرہ روز کے اندر سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنا ہو گا اور اس معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہو گا۔ اگر سپریم کورٹ وفاقی حکومت کے بھیجے گئے ریفرنس کی توثیق کر دیتی ہے تو سیاسی جماعت کالعدم ہونے کی صورت میں اس جماعت کے سینیٹ، قومی، صوبائی اور بلدیاتی نمائندوں کی رکنیت فوری معطل ہو جائے گی۔
لیکن اب حکومت سپریم کورٹ سے بالاتر عدالتی ترامیم لانا چاہتی ہے اور وہ اس لئے کہ ایک سپریم کورٹ کو حکومت کے خلاف فیصلہ سازی سے روکا جائے۔ دوسرا یہ اختیار خود حکومت کے پاس آ جائے جس کے بعد حکومت اپنی آئینی مدت بھی پوری کر سکے اور ملک میں خوشحالی لانے والی دودھ کی نہریں بھی چلا سکے۔

یہ بھی پڑھیں