اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی نے واضح کردیا ہے کہ ان کے پارٹی کمیٹیوں سے استعفے کا شیرافضل مروت کے خلاف انضباتی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں۔
رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ 3 ہفتے پہلے ہی 3 اہم کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرچکے ہیں اور ان کے اس فیصلے کا شیرافضل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان اور اپنے کیسز میں مصروف ہیں اس لیے انہوں نے 3 ہفتے پہلے یہ فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں اور گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں بھی موجود تھے۔
مزیدپڑھیں :نقل کی کوشش ناکام بنانے والی خاتون ٹیچر پر ایم کیوایم کے سابق ایم پی اے کا تشدد، ویڈیو وائرل
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے شیرافضل مروت کو کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکال دیا ہے جبکہ انہیں پارٹی کے واٹس ایپ گروپ سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے شیرافضل مروت کو سائیڈ لائن کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ اعظم سواتی نے شیرافضل مروت کا ساتھ دینے کے لیے تحریک انصاف کی کور و سیاسی کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تاہم اب اعظم سواتی نے واضح کردیا ہے کہ ان کے استعفے کا شیر افضل مروت والے معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔