انٹرنیٹ پر لائکس اور ویوز کی لالچ میں کئی کانٹینٹ کریئٹرز تمام حدیں پار کرتے نظر آتے ہیں اور اس چکر میں بعض اوقات اپنی جان بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔
حال ہی میں ایک بھارتی ولاگر راہول گپتا کی اسی طرح کی ویڈیو وائرل ہوئی جسے بنگلہ دیش میں چلتی ٹرین کی چھت پر لیٹ کر ولاگنگ کرتے دیکھا گیا۔راہول گپتا کے یوٹیوب چینل پر ساڑھے 26 لاکھ سبسکرائبرز ہیں جبکہ انکے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 29 ہزار سے زائد فالوررز ہیں۔
مختلف مقامات کی سیر کرنے والے راہول گپتا نے حال میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک چلتی ٹرین کی چھت پر لیٹ کر ولاگنگ کی ویڈیو شیئر کی، انہوں نے اپنے اس تجربے کو ‘سنسنی خیزقرار دیا۔وائرل ویڈیو میں راہول گپتا کو کسی قسم کے حفاظتی انتظامات کے بغیر تیز رفتاری سے چلتی ٹرین کی چھت پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے۔
راہول گپتا نے یہ عجیب اور خطرناک حرکت پہلی بار نہیں کی بلکہ انکا انسٹاگرام اکاؤنٹ ایسی متعدد ویڈیوز سے بھرا پڑا ہے جس میں وہ چلتی ٹرین کی چھت پر کھڑے ہوئے یا ٹرین کے دروازے پر لٹکتے ہوئے نظر آئے، حتیٰ کہ ایک ویڈیو میں انہیں ٹرین کے انجن کے اندر بھی سفر کرتے دیکھا گیا۔انکی مذکورہ ویڈو نے جلد ہی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ مبذول کرلی، جس پر اب تک 19 ملین سے زائد ویوز آچکے ہیں۔
تاہم ویوز لینے کے شوقین یوٹیوبر کو اُس وقت لینے کے دینے پڑگئے جب سوشل میڈیا صارفین نے اسے سراہنے کے بجائے شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جنکا کہنا تھا کہ یہ حرکت جرات مندانہ نہیں بلکہ سراسر بےوقوفی اور پاگل پن ہے۔
کمنٹ سیکشن میں ایک صارف نے لکھا کہ ‘تم نوعمر انفلوئنسرز کے لیے یہ کیا مثال قائم کررہے ہو؟’ایک اور صارف نے متنبہ کیا کہ ‘اگر ذرا سی بھی غلطی ہوئی تو سب ختم ہوجائے گا، ویوز کیلئے اتنا مت گرو’۔
