Search
Close this search box.
بدھ ,08 جولائی ,2026ء

رہائش کیلئے دنیا کا بہترین شہر کونسا؟ کراچی کی عالمی درجہ بندی بھی سامنے آگئی

رہائش کیلئے دنیا کا بہترین شہر کون سا ہے؟ اس حوالے سے 2026 کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے، جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے 173 شہروں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس فہرست میں پاکستان کا صرف ایک شہر کراچی شامل ہے، جس کی پوزیشن گزشتہ برس کی طرح برقرار رہی۔

اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) کی تازہ رپورٹ کے مطابق ڈنمارک کا دارالحکومت کوپن ہیگن مسلسل دوسرے سال دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر قرار پایا ہے۔ شہر نے استحکام، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے اعلیٰ اسکور حاصل کیا۔

فہرست کے مطابق آسٹریا کا شہر ویانا دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ آسٹریلیا کے میلبرن اور سڈنی بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے زیورخ اور جنیوا نے بھی ٹاپ چھ شہروں میں جگہ بنائی۔

اسی طرح جاپان کا اوساکا ساتویں، آسٹریلیا کا ایڈیلیڈ آٹھویں، کینیڈا کا وینکوور نویں اور جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو دسویں نمبر پر رہا۔

یہ عالمی درجہ بندی طبی سہولیات، تعلیمی معیار، امن و استحکام، انفراسٹرکچر، ماحولیات اور مجموعی معیارِ زندگی جیسے اہم عوامل کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے، تاکہ شہری زندگی کے مختلف پہلوؤں کا جامع انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق رہائش کیلئے دنیا کا بہترین شہر قرار پانے والے کوپن ہیگن نے شہری سہولیات اور معیارِ زندگی کے حوالے سے نمایاں برتری حاصل کی، جبکہ پاکستان کا شہر کراچی 173 شہروں میں 170 ویں نمبر پر رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کراچی گزشتہ سال بھی اسی پوزیشن پر موجود تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہر کی عالمی درجہ بندی میں کوئی نمایاں بہتری یا تنزلی نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں