لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئے اقدامات کی منظوری دے دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ اور ’’اپنی زمین اپنا گھر‘‘ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کاہنہ جیسے افسوسناک حادثات کی روک تھام کے لیے ’’اپنا گھر، محفوظ گھر‘‘ پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے پروگرام کے تحت خستہ حال یا کمزور چھتوں والے گھروں کی مرمت اور انہیں محفوظ بنانے کے لیے پانچ لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ گھر میں اضافی منزل یا نئی فلور کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے تک بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کی نئی کیٹیگری تین روز کے اندر عوام کے لیے متعارف کرائی جائے اور قرض کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کے قرض منظور کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض جاری بھی کیا جا چکا ہے۔ اس مقصد کے لیے 217.8 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق پنجاب بھر میں اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 27 ہزار 500 گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ ایک کروڑ سے زائد آبادی والے صوبے میں 12 لاکھ 78 ہزار سے زیادہ بے گھر خاندانوں نے اس اسکیم کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام شہری کو محفوظ اور باعزت رہائش فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مستحق افراد پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے اور قرض کے حصول کی شرائط کو سادہ اور شفاف رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان اپنے گھر کا خواب پورا کر سکیں۔

