کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد میں لی مارکیٹ پنجابی محلے سے پیر کی شام 6 سالہ بچہ محمد ولی چیز لینے نکلا اور لاپتا ہو گیا، منگل اور بدھ کی درمیانی شب بچے کی بوری بند لاش گھر کے قریب سے مل گئی۔
محمد ولی کو قتل کرنے والے ملزم کو اہل علاقہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار ملزم بچے کا پڑوسی ہے، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے بچے کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے قتل کیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
بچے کی غم سے نڈھال والدہ نے کہا ’’میرے بچے کی مسخ شدہ لاش بوری میں بند کر کے 3 منزلہ عمارت سے نیچے پھینکی گئی۔‘‘
والد نے بتایا ’’میں رکشہ چلاتا ہوں، میری 4 بیٹیاں اور ایک بیٹا تھا، میرا بیٹا بہت منت مرادوں کے بعد پیدا ہوا، ظالم نے میری دنیا اجاڑ دی، مقتول 6 سالہ محمد ولی 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔‘‘
والدین کا کہنا ہے کہ وہ دو روز تک اپنے معصوم بچے کی تلاش میں رہے، اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ واردات پڑوسی کے گھر میں ہوئی، جہاں انھیں داخل ہونے سے بھی روکا گیا تھا، ملزم سب کے ساتھ بچے کو ڈھونڈنے کا ڈراما بھی کرتا رہا۔
اہل علاقہ نے کہا ملزم نے بتایا اس کی مقتول بچے کے والد سے ذاتی رنجش تھی، لیکن والدین نے مطالبہ کیا ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، ہمیں انصاف چاہیے، سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزم کو سر عام پھانسی دی جائے۔
مزید پڑھیں۔یمنیٰ زیدی بھی رونالڈو کی مداح،آخری میچ اسٹیڈیم میں دیکھا


