Search
Close this search box.
بدھ ,08 جولائی ,2026ء

پشاور میں آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ، 20 کلو تھیلا 2900 روپے سے مہنگا

پشاور: آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2900 روپے سے تجاوز کر گئی۔ قیمتوں میں حالیہ اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں تقریباً 250 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ نئی قیمتوں کے بعد شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ مختلف اقسام کے آٹے اور میدے کے نرخ بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں۔

شہر میں فائن آٹا، اسپیشل آٹا، مکس آٹا اور سرخ آٹے کی 20 اور 80 کلو کی بوریوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب تندور مالکان نے بڑھتی لاگت کا جواز پیش کرتے ہوئے روٹی کے وزن میں مزید کمی کر دی ہے، جس پر عوام نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

نان بائیوں کا کہنا ہے کہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی میں رکاوٹ اور محدود دستیابی کے باعث آٹے کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کے اثرات براہِ راست مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں۔ ان کے مطابق خام مال مہنگا ہونے کی وجہ سے روٹی کی تیاری بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہو چکی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے تاحال قیمتوں میں اضافے یا عوامی شکایات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جس پر شہری حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں