لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے عوام کو یکم سے 3 ستمبر کے دوران ممکنہ طور پر شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ان دنوں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جن سے پانی کی سطح میں اضافہ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔ مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاوالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں سیلابی ریلے آنے کا امکان ہے۔ اسی طرح لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، چنیوٹ، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی بارشوں کے باعث مشکلات بڑھنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان کے نشیبی علاقے بھی خطرے میں ہیں۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو خاص طور پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریاؤں کے کناروں پر رہنے والے مکینوں کو احتیاط برتنے اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ نکاسیٔ آب کے نظام کو فعال رکھیں اور مشینری ہر وقت تیار ہو۔
ادھر گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں بھی خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگی ہیں۔ یاسین ویلی کے ڈارکوٹ سٹیشن پر درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جس سے برفانی گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق برفانی جھیلوں کے پھٹنے اور ندی نالوں میں طغیانی سے قریبی آبادیوں کو متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
مزیدپڑھیں:ہونڈا اٹلس کے 2026کے لیے نئے ماڈلز کی رونمائی

