لاہور( اوصاف نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دورہ بنگلہ دیش کے لیے 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی ٹیم کل (ہفتہ) صبح لاہور سے ڈھاکہ کے لیے روانہ ہوگی جہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستانہ ہاکی سیریز کھیلی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق عماد شکیل بٹ کو دورے کے لیے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج موجود ہے۔
ٹیم میں عبداللہ اشتیاق خان، منیب الرحمان، محمد سفیان خان، محمد عبداللہ، حمادالدین انجم، عبدالمنان، معین شکیل، زکریا حیات، ارشد لیاقت، غضنفر علی، رانا عبدالوحید، افراز، عبدالحنان شاہد، عبدالرحمن، رانا محمد ولید اور جنید احمد شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق سیریز کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا اور آئندہ ایشین مقابلوں کے لیے بہترین کمبی نیشن تیار کرنا ہے۔
ترجمان نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر پاکستان میں کامیابیاں سمیٹے گی۔
سیریز کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچ کھیلے جائیں گے جن میں سے پہلا میچ اتوار کو ہاکی سٹیڈیم ڈھاکہ میں شیڈول ہے۔
27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا معاملہ، وزیراعظم نے کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیامزید پڑھیں:


