اسلام آباد( اوصاف نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے تمام مراحل تیز رفتار اور شفاف طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے امور سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پی آئی اے کے بیڑے میں قابل فضائی طیاروں کی تعداد بڑھانے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پروازوں کی بروقت روانگی کو یقینی بنانے کے احکامات بھی دیئے۔
اجلاس کو پی آئی اے کی نجکاری اور اس حوالے سے بزنس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے 4 جماعتوں کو پری کوالیفائی کر لیا گیا ہے، پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے جلد بولی لگائی جائے گی۔
مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کی جائے گی تاہم نجکاری کے بعد پی آئی اے کا نام اور تھیم تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ کاروباری منصوبے کے تحت 2029 میں پی آئی اے کے بیڑے میں ہوائی جہازوں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کر دی جائے گی۔
مزید پڑھیں:حقیقی سول ڈیموکریسی میں اپوزیشن کو پتھر کی دیوار نہیں بنایا جاتا :مصطفیٰ نواز کھوکھر




