کویت سٹی (اوصاف نیوز) کویت سے حیدرآباد جانے والی پرواز کو بم کی دھمکی ملنے پر ممبئی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیگو کی پرواز کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بم ایک مسافر کے ساتھ منسلک تھا۔
بم کے خطرے سے افراتفری مچ گئی اور طیارے نے حیدرآباد کے بجائے قریبی ممبئی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ ممبئی ایئرپورٹ پر پہلے ہی ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔ رن وے کو خالی کرا لیا گیا اور طیارے کو ویران علاقے میں لے جایا گیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے ویران علاقے میں طیارے کی مکمل تلاشی لی تاہم کوئی ممنوعہ سامان برآمد نہیں ہوا۔ مسافروں کی جامع تلاشی بھی لی گئی لیکن کسی کے پاس سے کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔
طیارے کو 3 گھنٹے کی تاخیر کے بعد دوبارہ پرواز کی اجازت دی گئی۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ صرف 2024 کے پہلے 11 مہینوں میں ایئر لائنز اور ایئرپورٹس کو 999 جعلی بم کالز موصول ہوئی ہیں۔
گزشتہ سال بھارت کی سول ایوی ایشن سیکیورٹی نے بھی ایسے جعلی دھمکیاں دینے والوں پر پانچ سال کی فضائی پابندی کی تجویز پیش کی تھی، لیکن دھمکیوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔
ایمرجنسی کے بعد پروازیں معمول پر آگئیں لیکن یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ ایک غلط ای میل بھی لمحوں میں ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:ہانگ کانگ آگ: نوزائیدہ اور بزرگ خاتون کو جان پر کھیل کر بچانے والی گھریلو ملازمہ ’ہیرو‘ قرار




