(اوصاف نیوز)سردیوں میں بالوں کا زیادہ جھڑنا ایک عام مسئلہ ہے، جس کی بنیادی وجوہات خشک موسم، غذائی کمی اور غیر مناسب نگہداشت ہیں۔
موسم سرما میں سرد ہوا نہ صرف جلد بلکہ کھوپڑی کو بھی خشک کر دیتی ہے، جس سے خشکی پیدا ہوتی ہے۔ خشکی بالوں کی جڑوں کو کمزور کرتی ہے، جس سے بالوں کا گرنا بڑھ جاتا ہے۔
عموماً لوگ خشکی دور کرنے کے لیے زیادہ تیل استعمال کرتے ہیں، مگر ماہرین کے مطابق اضافی تیل لگانے سے فنگس کی افزائش بڑھ سکتی ہے، جس سے خشکی مزید بڑھتی ہے اور بالوں کی ٹوٹ پھوٹ میں اضافہ ہوتا ہے۔ بہتر ہے کہ شیمپو سے ایک گھنٹہ پہلے ہلکا تیل لگایا جائے۔
سردیوں میں گرم کپڑے، ٹوپیاں اور کمبل بھی بالوں پر رگڑ پیدا کرتے ہیں، جس سے بال خشک ہو کر ٹوٹنے لگتے ہیں۔ ماہرین رات کو ریشمی ٹوپی پہن کر سونے یا نرم کپڑے کی ٹوپی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ رگڑ کم ہو۔
ایک اور اہم وجہ وٹامن ڈی کی کمی ہے، کیونکہ سردیوں میں سورج کی روشنی کم ملتی ہے، جس سے جسم میں وٹامن ڈی کی سطح کم ہو جاتی ہے اور بالوں کا گرنا تیز ہو جاتا ہے۔ اگر بال غیر معمولی حد تک جھڑ رہے ہوں تو وٹامن ڈی کا ٹیسٹ کرانا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
بالوں کا جھڑنا ایک قدرتی عمل ہے، لیکن آلودگی، ذہنی تناؤ، ہارمونل تبدیلیاں اور ناقص خوراک اس مسئلے کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔ بالوں کی باقاعدہ دیکھ بھال، متوازن غذا اور مناسب حفاظتی اقدامات سردیوں میں بالوں کے گرنے کو کم کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:2 کروڑ 40 لاکھ نوری سال کے فاصلے پر رقص کرتی دو بونی کہکشائیں




