Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

ریلوے کے بجلی بلوں میں بوگس ادائیگیوں کابڑا انکشاف

لاہور (اوصاف نیوز) ریلوے ویجی لینس نے اپنی انکوائری رپورٹ میں کروڑوں روپے کی بوگس ادائیگیوں کا انکشاف کیا ہے۔

نجی ٹی وی نے بوگس بلنگ سے متعلق ریلوے ویجیلنس کی انکوائری رپورٹ حاصل کرلی، ڈی جی ویجیلنس نے انکوائری رپورٹ مکمل کرکے چیف ایگزیکٹو ریلوے کو بھجوا دی۔

انکوائری رپورٹ میں 11 کروڑ سے زائد کی بوگس ادائیگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 2023 میں ریلوے کی تین رہائشی کالونیوں کی بجلی اور بلنگ کا مکمل انتظام لیسکو کے سپرد کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیسکو نے رہائشی کالونیوں میں بجلی کے میٹر لگائے اور بلنگ بھی شروع کردی۔ علیحدہ بلنگ کے باوجود لیسکو نے ریلوے کو مجموعی طور پر بل بھی بھیجے اور مجموعی طور پر لیسکو نے 11 کروڑ سے زائد کی بوگس بلنگ کی۔

ویجیلنس انکوائری رپورٹ کے مطابق لیسکو کو یہ تمام ادائیگیاں ریلوے ورکشاپس ڈویژن کے الیکٹرک ڈیپارٹمنٹ نے بغیر کسی چھان بین کے کیں۔ ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر ورکس اور دیگر الیکٹریکل افسران کی غفلت اور لاپرواہی سے ریلوے کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ انکوائری میں غفلت برتنے والے افسران نے ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر ورکس، ایس ای ای ورکشاپس اور وائر مین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی ہے جبکہ مذکورہ افسران 7 سال سے ایک ہی سیٹ پر تعینات ہیں۔

ریلوے ویجی لینس نے کہا ہے کہ ریلوے میں روٹیشن پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
مزید پڑھیں‌:بیٹی کی پیدائش پر والدین ناخوش،لڑکی کو قتل کر دیا

یہ بھی پڑھیں