اسلام آباد: ڈرائیونگ لائسنس بنوانے یا اس کی تجدید کروانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے لائسنسنگ نظام کو مزید آسان، شفاف اور تیز رفتار بنا دیا ہے، جس سے رواں سال لاکھوں شہری فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو پیپر لیس اور کیش لیس خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ جدید ڈیجیٹل نظام متعارف ہونے کے بعد لائسنس سے متعلق مختلف مراحل پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور کم وقت میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک 4 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق مختلف سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان میں 82 ہزار سے زائد شہریوں کو نئے لرنر ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے، جبکہ 75 ہزار سے زیادہ افراد کو نیا ڈرائیونگ لائسنس فراہم کیا گیا۔
اسی عرصے کے دوران 48 ہزار سے زائد شہریوں کے لائسنس کی تجدید کی گئی، جبکہ 4 ہزار 300 سے زیادہ افراد کو ڈپلیکیٹ لائسنس جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ 7 ہزار سے زائد شہریوں کے لائسنس مختلف اضلاع یا کیٹیگریز میں کنورٹ اور انڈورس بھی کیے گئے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کائنات اظہر خان نے کہا کہ شہریوں کو معیاری، شفاف اور بروقت خدمات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق جدید اصلاحات کی بدولت عوام کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر آ رہی ہیں، جبکہ لائسنسنگ کے تمام مراحل کو زیادہ سہل اور تیز بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جدید خدمت مراکز اور ڈیجیٹل سروسز کے ذریعے محفوظ اور قانون پسند ٹریفک کلچر کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران ہمیشہ اپنا لائسنس اپنے ساتھ رکھیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور محفوظ سفر کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔
