Search
Close this search box.
پیر ,27 جولائی ,2026ء

گاڑیوں کی نئی نمبر پلیٹس کا فیصلہ، فیس بھی بڑھا دی گئی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں رجسٹرڈ تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں کے لیے خیبرپختونخوا نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئی نمبر پلیٹس جدید آر ایف آئی ڈی (RFID) ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گی، جس کا مقصد گاڑیوں کی بہتر شناخت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق نئی نمبر پلیٹس میں ریڈیو فریکونسی آئیڈنٹیفکیشن (RFID) سسٹم پر مبنی خصوصی اسٹیکرز نصب کیے جائیں گے۔ یہ نظام گاڑیوں کی شناخت، ٹریکنگ اور ریکارڈ کی تصدیق کو مزید مؤثر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق صوبے کی تمام سرکاری اور پرائیویٹ گاڑیوں پر یکساں طور پر ہوگا، جبکہ مرحلہ وار تمام موجودہ نمبر پلیٹس کو نئے ڈیزائن سے تبدیل کیا جائے گا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق اس وقت صوبائی حکومت عام نمبر پلیٹس 1,200 روپے میں فراہم کرتی ہے، تاہم آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی سے مزین نئی نمبر پلیٹس کی قیمت 4,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق جدید خیبرپختونخوا نمبر پلیٹس کے ذریعے چوری شدہ یا مشتبہ گاڑیوں کی فوری شناخت، ٹریفک نگرانی اور سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے آسانی سے چیک کیا جا سکے گا۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں شفافیت آئے گی، جعلی نمبر پلیٹس کی روک تھام میں مدد ملے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں