میرپور: آزاد کشمیر الیکشن 2026 کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد تمام متعلقہ حلقوں میں ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن رہا، تاہم ضلع بھمبر کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کا واقعہ پیش آیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بھمبر کے دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر چند شرپسند عناصر نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایک بیلٹ باکس چھین کر اسے آگ لگا دی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کے مطابق جلائے گئے بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
اس واقعے کے علاوہ میرپور ڈویژن کے دیگر تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہوا۔ پہلے مرحلے میں میرپور کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر پولنگ ہوئی، جہاں مجموعی طور پر 13 حلقوں میں 288 امیدوار مدمقابل تھے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کئی حلقوں میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں نے بھی مختلف نشستوں پر بھرپور انتخابی مہم چلائی۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق میرپور ڈویژن میں 14 لاکھ 437 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
آزاد کشمیر الیکشن 2026 کے پہلے مرحلے کے لیے مجموعی طور پر 2,316 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جن میں 1,241 کو انتہائی حساس اور 724 کو حساس قرار دیا گیا۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت 18 ہزار 560 پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ پاک فوج کے 2,100 جوان بھی انتخابی عمل کی نگرانی پر مامور رہے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ عوام نے پرامن انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ آئی جی پولیس لیاقت علی ملک نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پولنگ کے اختتام کے بعد تمام حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جبکہ غیر سرکاری اور سرکاری نتائج مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔

