Search
Close this search box.
پیر ,27 جولائی ,2026ء

ٹماٹر کنٹرول سے باہر، فی کلو قیمت نے عوام کے ہوش اڑا دیے

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کا ایک اور جھٹکا سامنے آ گیا، جہاں ٹماٹر کی قیمت میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹماٹر 400 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا، جبکہ کراچی میں اس کی قیمت 500 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ بھر مہنگی پیٹرولیم مصنوعات کا بوجھ برداشت کرنے والے شہری جب اتوار کو سبزی منڈیوں اور بازاروں کا رخ کرنے پہنچے تو ٹماٹر کی بلند قیمتوں نے انہیں پریشان کر دیا۔ اسلام آباد میں ٹماٹر 277 سے 400 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ سستے داموں دستیاب ٹماٹر کا معیار تسلی بخش نہیں، جبکہ بہتر معیار کے ٹماٹر خریدنے کے لیے 400 روپے فی کلو تک ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ بارڈر کی بندش، درآمدی سپلائی میں رکاوٹ اور مقامی پیداوار میں کمی کے باعث ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق طلب کے مقابلے میں رسد کم ہونے سے قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔

ادھر کراچی میں صورتحال مزید سنگین ہے، جہاں ایرانی اور کوئٹہ سے آنے والے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ فی پاؤ قیمت 110 سے 125 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مقامی پیداوار میں اضافہ نہ ہوا اور درآمدی سپلائی معمول پر نہ آئی تو آنے والے دنوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے، جس کا براہِ راست اثر عام صارفین کے گھریلو بجٹ پر پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں