Search
Close this search box.
پیر ,27 جولائی ,2026ء

ٹرمپ کے جنگ بندی اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہوگیا

اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہوگیا ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں روکنے کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق کشیدگی میں کمی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کم ہوئے، جس کا فوری اثر قیمتوں پر بھی نظر آیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تقریباً دو ہفتوں تک جاری رہنے والی کشیدگی میں عارضی کمی آنے کے بعد پیر کے روز عالمی تیل مارکیٹ میں برینٹ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) دونوں بینچ مارکس کی قیمتوں میں پانچ فیصد سے زائد کمی دیکھنے میں آئی۔

برینٹ خام تیل کی قیمت 5.58 فیصد کمی کے بعد 91.38 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ کاروبار کے ابتدائی اوقات میں یہ مختصر وقت کے لیے 90 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے چلی گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت 5.46 فیصد کمی کے بعد 84.43 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ حالیہ ایران۔امریکا کشیدگی کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔ اس دوران آبنائے ہرمز اور بحیرۂ احمر کے راستوں سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی ہے، جس کے نتیجے میں رسد سے متعلق خدشات میں کمی ہوئی اور خام تیل کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہو گئیں۔ اگر خطے میں امن کی صورتحال برقرار رہی تو عالمی تیل مارکیٹ مزید استحکام کی جانب بڑھ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں