Search
Close this search box.
پیر ,27 جولائی ,2026ء

کیپٹن محمد سرور شہید کی 78ویں برسی، صدر اور وزیراعظم کا عظیم قربانی کو سلام

اسلام آباد: کیپٹن محمد سرور شہید کی 78ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے قومی ہیرو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے عظیم سپوت کی بے مثال قربانی کو ہمیشہ فخر اور احترام سے یاد رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو آزادیٔ کشمیر کی پہلی جنگ کے دوران غیر معمولی جرات، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے فوجی تھے جنہیں وطن عزیز کے لیے لازوال قربانی کے اعتراف میں اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ انہوں نے دشمن کے خلاف بے مثال حکمتِ عملی اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کے لیے حب الوطنی، ایثار اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی 78ویں برسی ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتی ہے جن کی بدولت پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادیٔ کشمیر کی جدوجہد میں کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنی جان قربان کرکے تاریخ میں ہمیشہ کے لیے اپنا نام امر کر دیا۔

صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کی سلامتی اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی اور نئی نسل کو وطن سے محبت، ایثار اور قربانی کا درس دیتی رہیں گی۔

قومی رہنماؤں نے اس موقع پر شہداء پاکستان کے درجات کی بلندی اور ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے بھی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں