Search
Close this search box.
پیر ,27 جولائی ,2026ء

آزاد کشمیر انتخابات 2026 میں پولنگ مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری

مظفرآباد: آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد مختلف حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی پولنگ اسٹیشنز سے ابتدائی غیر سرکاری نتائج بھی موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق میرپور ڈویژن میں انتخابی عمل مجموعی طور پر پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ پولنگ ختم ہونے کے بعد تمام بیلٹ بکس متعلقہ ریٹرننگ افسران کی نگرانی میں گنتی کے مراکز منتقل کیے گئے، جہاں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے ون میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اظہر صادق کو برتری حاصل ہے۔ دستیاب نتائج کے مطابق انہوں نے 2,801 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے افسر شاہد 1,377 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح ایل اے 3 میرپور کے پولنگ اسٹیشن نیو سٹی (PS-154) سے موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 730 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان نے 213 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

دوسری جانب ایل اے 6 بھمبر-2 کے پولنگ اسٹیشن پنڈ منگرالاں (PS-118) سے سامنے آنے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے چوہدری علی شان سونی 297 ووٹوں کے ساتھ برتری پر ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق نے 186 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

الیکشن حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام نتائج غیر سرکاری ہیں اور حتمی کامیابی یا شکست کا اعلان صرف الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری نتائج جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور امیدوار نتائج کے انتظار میں ہیں، جبکہ مختلف حلقوں میں گنتی کا عمل سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت جاری ہے۔ توقع ہے کہ رات گئے تک بیشتر نشستوں کے غیر حتمی نتائج سامنے آ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں