اسلام آباد: باب المندب میں پھنسے پاکستانی جہازوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ باب المندب میں موجود تمام پاکستانی جہاز بحفاظت اپنے راستے پر روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں بھی بتدریج کم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے باعث باب المندب کے راستے پر کئی بحری جہاز متاثر ہوئے تھے، تاہم اب صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور پاکستانی جہاز بھی بحفاظت وہاں سے نکل آئے ہیں۔
علی پرویز ملک کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں نرمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جس کے مثبت اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف اور واضح طریقہ کار اختیار کر رکھا ہے، جس کے تحت عالمی قیمتوں کے مطابق مقامی نرخوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض حلقے صرف ایک دن کی عالمی قیمت کو بنیاد بنا کر تنقید کرتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اوگرا سات روزہ اوسط قیمت کو مدنظر رکھ کر اپنی سفارشات مرتب کرتا ہے۔ اسی فارمولے کے مطابق اگر عالمی منڈی میں قیمتوں میں مسلسل کمی برقرار رہی تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں کا تعین مقررہ فارمولے کے مطابق کیا جاتا ہے اور اس میں کسی قسم کی من مانی یا فوری ردوبدل ممکن نہیں۔ ان کے مطابق اگر سات روزہ اوسط نیچے آتی ہے تو عوام کو بھی آنے والے دنوں میں اس کا فائدہ ضرور پہنچے گا۔
