لاہور( اوصاف نیوز) محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب نے نادرا کے تعاون سے سی آر ایم ایس ایپ لانچ کر دی ہے جس کے ذریعے گھر بیٹھے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کی آن لائن رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ای رجسٹریشن ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ تقریب میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، سی او او نادرا سید عبدالسلام، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ بھی موجود تھے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا ہے کہ نادرا ڈیٹا سسٹم سے منسلک ہونے سے رجسٹریشن ازخود ہو جائے گی۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ اور نادرا کے درمیان ای رجسٹریشن کا معاہدہ طے پا گیا۔ چند مہینوں میں ایک منفرد ایپ تیار کی گئی جو سرٹیفکیٹ بھی فراہم کرے گی۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ یہ ایپ مریم نواز کے ڈیجیٹل پنجاب وژن کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ترقی یافتہ ممالک کے برابر دوڑ رہا ہے۔ شادیوں، اموات، پیدائشوں، طلاقوں کو رجسٹر کرکے درست ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔
وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ اس سسٹم کو پنجاب بھر میں یونین کونسل کی سطح تک منسلک کیا جائے گا۔ اکیسویں صدی آئی ٹی کی صدی ہے، ہر شعبے کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ وہ نادرا کے تعاون کے مشکور ہیں۔ وہ دور دراز علاقوں میں رجسٹریشن کے لیے موبائل سروس شروع کرے گا۔
مزید پڑھیں:رجب کا چاند کب نظر آئے گا؟ پیش گوئی سامنے آگئی




