مبئی (اوصاف نیوز) ممبئی کے مشہور انڈر ورلڈ ڈان حاجی مستان کی بیٹی حسین مستان مرزا نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے اپنی شناخت دلانے کے لیے انصاف کی اپیل کی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں حسین مستان مرزا نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ کئی دہائیوں سے جاری مقدمات، ذاتی المیوں اور شدید مالی مشکلات کے بعد ان کا برسوں پرانا کیس دوبارہ کھولا جائے۔
حسین مستان مرزا نے الزام لگایا ہے کہ ان کے شوہر نے 8 شادیاں کیں اور وہ اسے ذہنی، جذباتی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔
حاجی مستان کی بیٹی نے کہا ہے کہ اس کی 12 سال کی عمر میں زبردستی شادی کی گئی، میری بیٹی کو 23 سال کی عمر میں قتل کر دیا گیا، تشدد کے دوران میرے بال بھی پھٹے گئے، ملزم برسوں سے عدالت میں پیش نہیں ہوا، جس کی وجہ سے کیس مسلسل التواء کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف حلقوں کی جانب سے میری شناخت پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور کچھ لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ میں حاجی مستان کی حقیقی بیٹی نہیں ہوں۔
حسین مرزا نے کہا کہ کسی کو شک ہے تو ثبوت لائے، میرے والد کا نام میرا حق ہے، میری شناخت سے انکار کرنا بھی ظلم ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں برسوں سے عدالتوں کے چکر کاٹ رہی ہوں، میرے پاس نہ کوئی مکان ہے اور نہ ہی مالی امداد، میں اپنی بیٹی کے کہنے پر اپنے شوہر کی ساتویں بیوی کے گھر بھی رہی لیکن مجھے اپنی جائیداد میں سے حصہ نہیں ملا۔
حسین مستان مرزا نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری طور پر تسلیم کیا جائے کہ میں حاجی مستان کی بیٹی ہوں اور میرے تمام کیسز دوبارہ حل کیے جائیں۔
مزید پڑھیں:ہیضے سے 6 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق



