اسلام آباد (اوصاف نیوز)انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے معروف گلوکار اسرار کی آواز میں نیا ملی نغمہ ’’پاک سرزمینیوں‘‘ جاری کر دیا ہے۔
یہ نغمہ تینوں مسلح افواج کی مثالی یکجہتی، وطن سے بے مثال وفا اور دفاعِ پاکستان کی عظیم داستان کو شاندار انداز میں پیش کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نغمے میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ نغمہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وطن کے تحفظ کے لیے خون کے آخری قطرے تک قربانی دی جائے گی اور قومی سفر ہمیشہ آگے بڑھتا رہے گا۔
نغمے میں پاک فوج کے جانبازوں کو سرحدوں کے محافظ کے طور پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جبکہ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلگی اور جرات مندانہ کردار کو آسمانوں کی نگہبانی کے استعارے کے ساتھ خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ اسی طرح پاک بحریہ کے شاندار کارناموں اور ملکی بحری سرحدوں کے مؤثر دفاع کو بھی نغمے میں سراہا گیا ہے۔
’’پاک سرزمینیوں‘‘ میں وطن سے محبت، قومی وقار، بہادری اور قربانی کا دلکش امتزاج موجود ہے، جبکہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ نغمہ قربانی، حوصلے اور تجدیدِ عہدِ وفا کی علامت بن کر قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا یہ نیا ملی نغمہ نہ صرف مسلح افواج کے عزم و حوصلے کو اجاگر کرتا ہے بلکہ پوری قوم میں حب الوطنی اور اتحاد کا پیغام بھی مضبوطی سے پہنچاتا ہے۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں 13 سے 15 دسمبر تک بارش و برفباری کی پیشگوئی




