اسلام آباد (اوصاف نیوز)وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال احمد چوہدری نے کہا ہے کہ فیض حمید اکیلا نہیں ہے۔ اس پر سیاسی مداخلت کا الزام ثابت ہوا ہے، فیض حمید ایک سیاسی پارٹی اور “سیاسی شخصیت” کے ساتھ تھا۔فیض حمید نہ ہوتا تو عمران خان وزیراعظم نہ ہوتا۔
سینیٹر طلال چوہدری نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا، دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں کہ طاقت ور ترین خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ کو غیر قانونی اقدام ات پر سزا ہو رہی ہے۔ فوج میں اوپر سے نیچھے تک سب کا احتساب ایک جیسا ہوتا ہے۔ فوج جو کہتی ہے وہ کر کے بھی دکھاتی ہے۔
انہوں نے کہا، آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق یہ معاملہ یہاں نہیں رکے گا، یہ آگے بھی چلے گا اور اس میں اور بھی کردار ملوث ہیں۔فیض حمید کی وجہ سے اس کے ادارے پر بہت سے سوالات اٹھے ، ادارے نے ان سوالات کو آج مجرم کو سزا دے کر مٹا دیا ہے۔ ادارے نے کلیر کر دیا ہے کہ ہر کسی کو اپنے قانون دائرے کے اندر ہی رہنا ہے چاہے وہ کسی بھی پوزیشن پر ہو ۔
سینیٹر طلال چوہدری نے کہا، فیض حمید بڑے عہدے پر فائز تھا، اس کو اپنا کیس لڑنے اور بے گناہی ثابت کرنے کا پورا وقت اور حق دیا گیا۔ دفاع کا پورا حق دیا گیا جس کی وجہ سے اس فیصلے میں اتنا وقت لگا ۔
طلال چوہدری نے کہا، فیض حمید نے عمران خان اور عثمان بزدار کو لا کر بٹھایا ۔ اس سے پاکستان کو بڑا نقصان ہوا۔
طلال چوہدری نے کہا، عمران خان کی ساری سیاست اور تعلق فیض حمید سے جڑا ہوا تھا۔
فیض حمید نہ ہوتا تو عمران خان وزیراعظم نہ ہوتا۔عمران خان اور فیض حمید ایک دوسرے کے لیے فائدہ مند تھے۔
دونوں نے ایک پلان بنایا تھا لیکن پلان تو صرف اللہ تعالٰی کی ذات کا چلتا ہے
مزید پڑھیں:روس کا یوکرین پر ہائپر سونک میزائلوں سے حملہ




