اسلام آباد(اوصاف نیوز) تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے حوالے سے نیا اعلان سامنے آگیا ہے.
گزشتہ روزوفاق کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں بھی موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ماڈل اسکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی تعطیلات 26 دسمبر سے شروع ہوں گی اور تعلیمی ادارے 3 جنوری بروز ہفتہ تک بند رہیں گے جب کہ 5 جنوری 2026 بروز پیر سے تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے ذرائع کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات یکم جنوری سے 15 جنوری 2026 تک ہوں گی جب کہ سرد ترین پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 28 فروری 2026 تک ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگست میں تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے حوالے سے محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں ان تعطیلات کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں نو ماہ کے امتحانات بھی جاری ہیں، تاہم قوی امکان ہے کہ چھٹیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن آج جاری کر دیا جائے گا۔
ادھر محکمہ تعلیم آزاد کشمیر نے بھی موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ آزاد کشمیر میں موسم گرما کے تعلیمی اداروں میں 29 دسمبر سے 10 جنوری تک تعطیلات ہوں گی جبکہ موسم سرما کے تعلیمی اداروں میں 26 دسمبر سے 26 فروری تک تعطیلات رہیں گی۔
مزید پڑھیں:بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، جانیں کتنا؟




