Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

خیبرپختونخوا میں چیئر لفٹ گر گئی،قیمتی جانی نقصان

(اوصاف نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کوہستان میں دریائے سندھ پر قائم مقامی طور پر چلائی جانے والی چیئرلفٹ (ڈولی) سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

افسوسناک واقعہ ترازئی بندہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 42 سالہ عبدالوکیل اپنے بیٹے کو چیئرلفٹ سے اتارنے کے بعد حادثے کا شکار ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عبدالوکیل نے پہلے اپنے بیٹے کو محفوظ طریقے سے ڈولی سے اتارا، تاہم اسی دوران چیئرلفٹ میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی اور وہ الٹی سمت میں چل پڑی۔ غیر متوقع حرکت کے باعث عبدالوکیل اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور سیکڑوں فٹ نیچے پتھریلے کنارے کی جانب جا گرے۔

ریسکیو 1122 کے اہلکار ملک شریف نے میڈیا کو بتایا کہ چیئرلفٹ کے اچانک ریورس ہونے سے حادثہ پیش آیا۔ ان کے مطابق اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیم نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور دشوار گزار پہاڑی راستوں سے ہوتے ہوئے لاش کو دریائے سندھ کے کنارے سے نکالا گیا۔

لاش کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری میڈیکو لیگل کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہلِ خانہ غم سے نڈھال دکھائی دیے۔
مزید پڑھیں:عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج ہونے کا امکان

یہ بھی پڑھیں