Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

مریم نواز ہیلتھ کلینک پر ڈی سی کا چھاپہ،ناقص صفائی ،افسران معطل

خانیوال (اوصاف نیوز)ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے مریم نواز ہیلتھ کلینک مخدوم پور پہوڑاں کا اچانک دورہ کیا جہاں ناقص صفائی کی صورتحال پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے علاج معالجہ، ادویات کی فراہمی اور عملے کے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی اور سہولیات کی بہتری کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے، جبکہ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ جلد دوبارہ دورہ کر کے صورتحال کا ازسرِنو جائزہ لیں گی۔

دریں اثنا، ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی بندش پر سخت نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی خانیوال کے ڈیوٹی لائٹ انسپکٹر عامر عباس کو معطل کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔

اسی طرح میاں چنوں پارک میں صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال پر میونسپل کمیٹی کے آفس سپرنٹنڈنٹ سجاد حسین شاہ کو بھی معطل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے اچانک دورے کے دوران پارک کی حالت ناگفتہ بہ پائی گئی تھی، جس پر انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول حمید نگر کا بھی اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے اسکول میں صفائی، اساتذہ اور طالبات کی حاضری کا جائزہ لیا اور کلاس رومز میں جا کر طالبات سے سوالات کیے۔ اس موقع پر انہوں نے ہیڈ ٹیچر کو ہدایت کی کہ کلاس رومز میں روشنی کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ صحت، بلدیات اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری کے لیے فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کی جائے گی تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں چیئر لفٹ گر گئی،قیمتی جانی نقصان

یہ بھی پڑھیں