دبئی (آساف نیوز)سام سنگ الیکٹرانکس کا جدید ترین 3 بار فولڈ ہونے والا اسمارٹ فون، گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ، ایک بار پھر متحدہ عرب امارات میں آن لائن اور آف لائن دونوں پلیٹ فارمز پر فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
سام سنگ کے شائقین کے مطابق جیسے ہی یہ فون متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا، ابتدائی خریداروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی اور پہلا اسٹاک پہلے دن ہی مکمل طور پر فروخت ہوگیا۔
Galaxy Z Trifold کی قیمت متحدہ عرب امارات میں 11,999 درہم رکھی گئی ہے۔ انتہائی مہنگی قیمت کے باوجود صارفین کی بڑی تعداد نے اس منفرد ڈیوائس کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ فون کو اس وقت آؤٹ آف اسٹاک قرار دیا گیا ہے، تاہم سام سنگ نے فروخت ہونے والے یونٹس کی تعداد ظاہر نہیں کی ہے۔
سام سنگ کا پہلا ٹرائی فولڈ فون کرافٹڈ بلیک کلر میں 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ فون میں جدید پروسیسر ہے جبکہ اس کے ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ میں 200 میگا پکسل کا مین کیمرہ شامل ہے۔
ڈیوائس کی کور اسکرین 6.5 انچ ہے، جو کہ گلیکسی زیڈ فولڈ 7 جیسی ہے، لیکن مکمل طور پر کھولنے پر، فون 10 انچ کی بڑی اسکرین میں بدل جاتا ہے۔ فون میں 5600mAh بیٹری ہے جو 25 واٹ فاسٹ وائرڈ چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے۔
مزید پڑھیں:جدہ ٹاور؛ دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت کے اندر کیا ہوگا؟




