لاہور (اوصاف نیوز) پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمندوں کو میگا ریلیف دے دیا۔
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹرز کے اوقات کار میں اضافہ کر دیا ہے اور صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹرز کے اوقات کار 24 گھنٹے کر دیے گئے ہیں۔
اسی طرح چھوٹے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز بھی صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لائسنسنگ سینٹرز کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں اور جرمانے سے بچ سکیں۔
شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز کے اوقات کار بڑھانے سے بڑی سہولت ملے گی اور جو لوگ اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوانا چاہتے ہیں وہ کسی بھی وقت جا کر اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
دوسری جانب، ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (DLIMS) نے پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول یا تجدید کے خواہشمند شہریوں کے لیے سرکاری فیس کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پہلی بار لائسنس حاصل کرنے کی فیس صرف 400 روپے ہے جب کہ تجدید کے لیے صرف 200 روپے ادا کرنا ہوں گے جب کہ کار یا جیپ کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے لائسنس کی فیس 1350 روپے مقرر کی گئی ہے اور تجدید کے لیے 675 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
اسی طرح لائٹ ٹرانسپورٹ گاڑیوں یا کمرشل گاڑیوں کے لائسنس کی فیس قدرے زیادہ مقرر کی گئی ہے، پہلی بار لائسنس جاری کرنے کی فیس 2480 روپے جبکہ تجدید کی فیس 1240 روپے ہے۔
مزید پڑھیں:ایپسٹین فائلز کی مزید کھیپ جاری: یہ کونسی معلومات ہیں، اہم شخصیات کے اوسان کیوں خطا ہیں؟




