Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش، نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی بھی سرگرم

اسلام آباد (اوصاف نیوز)قومی مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات کی قیادت کے لیے پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کو پے رول پر رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو پے رول پر رہا کرنے کی درخواست کی ہے۔

قومی مذاکراتی کمیٹی کے محمود مولوی، عمران اسماعیل اور فواد چوہدری نے شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر چیمہ کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رہنما مذاکراتی عمل میں موثر کردار ادا کر سکیں گے۔

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر ٹویٹ کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار اعتماد سازی کے با معنی اقدامات پر ہے۔ اس کے بغیر مذاکرات کا عمل کامیاب اور پائیدار نہیں ہو سکتا۔

سابق وفاقی وزیر لکھتے ہیں کہ وزیراعظم کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو پے رول پر رہا کریں۔ یہ قدم مذاکرات کے ماحول کو انتہائی مثبت اور خوشگوار بنائے گا، اس کے ساتھ ہی یہ قدم تمام فریقین کے درمیان اعتماد کی بحالی کی ایک مضبوط بنیاد بھی فراہم کرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اعتماد سازی کا اقدام مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے میں کلیدی کردار بھی ادا کر سکتا ہے اور ملک کو تقسیم، تنازعات سے نکال کر اتحاد اور ترقی کی طرف لے جا سکتا ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اس عمل میں حصہ لیں۔
مزید پڑھیں:عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، برآمدات پر مبنی ترقی کا آغاز ہو چکا ہے: وزیر خزانہ

یہ بھی پڑھیں