لاہور (اوصاف نیوز) اداکارہ صبا ءقمر پولیس کی وردی پہن کر ویڈیو بنانے پر قانونی مشکل میں پڑ گئیں، ان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے سیشن عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست شہری وسیم زوار نے ایڈووکیٹ مجدد باجوہ کے توسط سے دائر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ صبا قمر نے ویڈیو میں ایس پی کی وردی پہن کر قانون کی خلاف ورزی کی۔
درخواست گزار کے مطابق پولیس کی وردی پہننا قانون کی رو سے ممنوع ہے اور اس فعل سے نہ صرف پنجاب پولیس کا مورال متاثر ہوا بلکہ ادارے کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو اس معاملے سے آگاہ کیا گیا تھا، لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد سیشن عدالت نے تھانہ پرانی انارکلی سے رپورٹ طلب کر لی جب کہ استدعا کی گئی کہ عدالت اداکارہ صبا ءقمر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔
عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر پولیس رپورٹ پیش کرنے کے بعد مزید کارروائی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:برطانوی خاتون کو عبرتناک سزا



