اسلام آباد (اوصاف نیوز)پاکستان نے اشتعال انگیز اور پرتشدد تقاریر کے لیے برطانوی سرزمین کے غلط استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق برطانیہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسلک سوشل میڈیا سرگرمیوں پر شدید تشویش سامنے آئی ہے، جہاں ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر مظاہرین نے کھلے عام فیلڈ مارشل کو قتل کی دھمکی دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اشتعال انگیز اور پرتشدد تقاریر کے لیے برطانوی سرزمین کے غلط استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور ملوث افراد کی شناخت اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی برطانیہ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے 23 دسمبر 2025 کو انتہائی اشتعال انگیز ویڈیو جاری کی گئی، جس میں مظاہرین نے کھلے عام فیلڈ مارشل کو قتل کی دھمکی دی جبکہ ایک خاتون نے اشتعال انگیز گفتگو کے دوران کہا کہ کوئی بھی فیلڈ مارشل کو کار بم دھماکے میں قتل کر دے گا۔
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولز نے اس اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز ویڈیو کو آگے پھیلایا اور اسے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا گیا۔ برطانیہ میں اس طرح کی دھمکی آمیز گفتگو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور اسے برطانیہ کے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 2006 کے تحت سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔ عالمی قوانین کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1373 تمام ریاستوں کو دہشت گردی، تشدد پر اکسانے اور اس کی معاونت روکنے کا پابند بناتی ہے۔
مزید پڑھیں:متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اسلام آباد پہنچ گئے، شاندار تاریخی استقبال