کراچی (اوصاف نیوز) انٹرمیڈیٹ پارٹ اول سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
نتائج کا اعلان چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے انٹربورڈ کراچی کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے اسپیشل سیکریٹری سہیل انور بلوچ بھی موجود تھے۔
نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے امتحانات کی ڈائریکٹر زرینہ راشد نے بتایا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں 19,212 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جن میں سے 18,813 امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا۔
تمام 6 پرچوں میں 9678 امیدوار پاس ہوئے، 3 پرچوں میں 3542 امیدوار پاس ہوئے، 4 پرچوں میں 2353 طلباء پاس ہوئے، 3 پرچوں میں 1405 طلباء، 2 پرچوں میں 860 جبکہ 1 پیپر میں 580 امیدوار پاس ہوئے۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ انٹربورڈ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار سائنس جنرل گروپ میں ریاضی کا پرچہ ای مارکنگ کے تحت لیا گیا۔ ریاضی کے پرچے کی جانچ جدید Rubrics سسٹم کے مطابق ای مارکنگ کے ذریعے کی گئی، جس سے شفافیت، درستگی اور معیار کو یقینی بنایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹربورڈ کراچی امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔
آئندہ سال 2026 کے سالانہ امتحانات میں انٹرمیڈیٹ کے مزید پرچوں کی ای مارکنگ کے تحت جانچ کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ، بادل کہاں برسیں گے؟
