Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 5 ہلاک

کوہلو (اوصاف نیوز) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے کواڈ کاپٹر حملے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 6 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 5 بھارتی سپانسر دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے نافذ کیے گئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “استحکام کے عزم” کے وژن پر پورے عزم کے ساتھ عمل پیرا ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کی یہ مہم پاکستان سے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں 5 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استحکام کے عزم میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں :ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سےبڑی خبر

یہ بھی پڑھیں