Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا،دریائےچناب پر ایک اور ڈیم کی منظوری

(اوصاف نیوز) بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں دریائے چناب پر دلہستی سٹیج ٹو پن بجلی منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس پر پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے دلہستی سٹیج ٹو ہائیڈرو پاور منصوبے کو حتمی منظوری دے دی گئی ہے، جو بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت دریائے چناب سے 260 میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر مجموعی طور پر 3 ہزار 277 کروڑ 45 لاکھ بھارتی روپے لاگت آئے گی، جبکہ اس پر عملی کام آئندہ سال کے آغاز میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ دلہستی سٹیج ٹو منصوبہ بھارت کی سرکاری کمپنی این ایچ پی سی لمیٹڈ کے تحت تیار کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کے لیے دفاعی اور تزویراتی اعتبار سے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ دریائے چناب پاکستان کے حصے میں آنے والے دریاؤں میں شامل ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی روح کے منافی ہے، جسے بھارت نے حال ہی میں یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ دلہستی سٹیج ٹو منصوبے میں دلہستی سٹیج ون کے موجودہ انفرا اسٹرکچر کو استعمال کیا جائے گا۔ دلہستی سٹیج ون منصوبہ 390 میگاواٹ صلاحیت کا حامل ہے، جو 2007 میں مکمل ہوا تھا اور رن آف دی ریور اسکیم کے تحت کام کر رہا ہے۔ نئے مرحلے میں اسی ڈیم، ذخیرۂ آب اور پاور انٹیک سسٹم کو بروئے کار لایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:گھٹنے کی انجری، شاہین آفریدی مشکلات کا شکار،لیگ سے باہر ہونیکا خدشہ

یہ بھی پڑھیں