کراچی (اوصاف نیوز) شہر قائد میں تقریباً نصف صدی کے بعد ایک بار پھر ڈبل ڈیکر بسیں سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی جو کل سے شروع ہو رہی ہیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تقریباً نصف صدی قبل ڈبل ڈیکر بسیں چلتی تھیں جو بعد میں بند کر دی گئیں۔ تاہم جدت کے ساتھ ایک بار پھر پرانا دور لوٹ رہا ہے اور کل سے کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہر قائد میں کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے کل (بدھ) سے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کی جارہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ابتدائی طور پر ملیر سے شارع فیصل تک تجرباتی بنیادوں پر ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جارہی ہیں۔ مزید ڈبل ڈیکر بسیں کراچی لائی جائیں گی اور اس کی سروس کو مزید وسعت دی جائے گی۔ ڈبل ڈیکر بس سروس سے کراچی کے شہریوں کی سہولت میں مزید اضافہ ہوگا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن جگہوں پر ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام روکا گیا تھا وہاں بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ شہری یلو لائن اور اورنج لائن بی آر ٹی پر ایک ہی کارڈ پر سفر کر سکیں گے۔ اورنج لائن پر روزانہ ایک لاکھ مسافر سفر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں ٹرانسپورٹ کے منصوبے شروع کیے جائیں۔ خیرپور، شکارپور اور ٹنڈو الہ یار میں پیپلز بس سروس شروع ہونے جا رہی ہے جب کہ حیدرآباد میں بھی پیپلز بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی کے لیے 150 بسوں کا اعلان کیا تھا۔ ہم اس سے بات کریں گے اور ان سے گزارش کریں گے کہ وہ بسوں کو پورا کرے جس کا اس نے وعدہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں:خوشخبری، کسانوں کے لیے حکومت کا بڑا اعلان


