جنیوا (اوصاف نیوز) سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا کے قریب واقع مشہور اسکی ریزورٹ ٹاؤن کران مونٹانا میں زوردار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس نے عوام کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
تاحال دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے بارے میں کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات کی تصدیق کے بعد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد ہر طرف افراتفری کا سماں تھا اور لوگ جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب دوڑتے دکھائی دیے۔
واقعے نے سیاحتی مقام پر موجود مقامی افراد اور سیاحوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔حکام کی جانب سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد سے متعلق سرکاری تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:طالبان کی انتہا پسند سوچ، کئی ممالک نے افغانستان سے سفارتی تعلقات معطل کر دیے


