لاہور (اوصاف نیوز) وفاقی حکومت کے واضح احکامات کے باوجود لیسکو (لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی) اور نیشنل گرڈ کمپنی کے افسران و ملازمین کو رینٹ الاؤنس سے محروم رکھا گیا ہے، جس سے سرکاری ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے 4 نومبر کو رینٹ الاؤنس میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا، تاہم اس کے باوجود تاحال لیسکو اور نیشنل گرڈ کمپنی کے ملازمین کو بڑھا ہوا رینٹ الاؤنس ادا نہیں کیا جا سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اداروں میں شعبہ فنانس کے وہ سربراہان جو کنٹریکٹ پر تعینات ہیں، رینٹ الاؤنس کی ادائیگی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ان افسران کی جانب سے دانستہ یا غیر ضروری تاخیر کے باعث وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد نہیں ہو پا رہا، جس کے نتیجے میں افسران اور ملازمین کو ان کا جائز حق نہیں مل رہا۔
رینٹ الاؤنس کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین شدید مالی دباؤ کا شکار ہو چکے ہیں، خصوصاً وہ ملازمین جو کرائے کے گھروں میں رہائش پذیر ہیں، انہیں بڑھتے ہوئے رہائشی اخراجات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں رینٹ الاؤنس میں اضافہ ان کے لیے ناگزیر تھا، مگر اس سے محرومی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
متاثرہ افسران اور ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر فوری طور پر عملدرآمد کرایا جائے، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور واجب الادا رینٹ الاؤنس کی رقوم بلا تاخیر ادا کی جائیں تاکہ ملازمین کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ آج ہوگا




